ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ حکومت کی کرپشن اور ناکامیوں کے خلاف احتجاج کا اعلان
کراچی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ حکومت پر کرپشن اور ناکامیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہادر آباد مرکز میں علی خورشیدی نے پریس
کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 دسمبر کو دنیا بھر میں اینٹی کرپشن ڈے منایا گیا، مگر پاکستان میں کرپشن کا سب سے زیادہ ذکر سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کے حوالے سے ہوتا ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کرپشن کو پاکستان کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے اس بیان پر حیرت ہوئی کیونکہ سندھ میں گزشتہ 16 سالوں کے دوران ہر محکمہ کرپشن کا شکار رہا ہے۔ حکومتی اداروں میں بدعنوانی سرکاری سطح پر فروغ پاتی رہی ہے۔ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے، جس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اب سندھ میں ایک کلچر بن چکا ہے۔ مختلف محکموں کی آڈیٹر جنرل رپورٹس کے مطابق کے ڈی اے اور دیگر اداروں میں غیر قانونی الاٹمنٹس اور جعلی بھرتیاں کی گئی ہیں۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ بدعنوانی کے کئی کیسز پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ کوشش سے منظور کی گئی، لیکن پیپلز پارٹی اسے اپنی کامیابی قرار دیتی ہے۔ سندھ حکومت کی کارکردگی اس ترمیم کے اصولوں کے برعکس ہے۔ کئی محکمے جیسے صحت کے شعبے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو جواب دہ نہیں ہیں اور خود احتسابی کا عمل صرف دکھاوے تک محدود ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہر محکمہ جعلی بھرتیوں اور عوامی پیسوں کے غلط استعمال میں ملوث ہے۔ اینٹی کرپشن کا محکمہ بھی کرپشن کو بڑھاوا دے رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے دور میں یہ سب ان کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے۔ چاہے وہ اس میں ملوث نہ ہوں، لیکن اگر لاعلم ہیں تو انہیں اصلاحات کے لیے جہاد کرنا ہوگا تاکہ عوامی وسائل کا تحفظ ممکن ہو سکے۔