Hurmat

پاک چین دوستی، فولاد کی طرح مضبوط: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

59 Views

پاک چین دوستی، فولاد کی طرح مضبوط: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بیجنگ میں اہم ملاقات

بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے منسٹر لیو جیان چاو سے اہم ملاقات کی۔ مریم نواز نے پرتپاک استقبال پر منسٹر لیو جیان چاو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی بصیرت افروز قیادت کی تعریف کی، جس نے چین کو عالمی طاقت کے طور پر ابھرنے میں رہنمائی فراہم کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے پاک چین تعلقات کے فروغ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات عالمی اور علاقائی سیاست کے اتار چڑھاؤ سے بے نیاز ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ سٹرٹیجک پارٹنرشپ کو ہر موسم کے گرم و سرد سے بالا تر قرار دیا اور عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ لوکل گورننس اور دیہی ترقی کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ یوتھ امپاورمنٹ اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے چین کا تعاون قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کے تحت چین کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ بڑھتے ہوئے عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات شاہراہ ریشم کے قدیم ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پاک چین تعلقات کی میراث کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے لیے نوجوانوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پنجاب اور چین کے ثقافتی روابط کو مستحکم کرنے کے لیے پائیدار اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ کے لیے قائم رہے گی۔

ملاقات کے اختتام پر منسٹر لیو جیان چاو نے مریم نواز کی آمد پر شکریہ ادا کیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے شاندار میزبانی پر اظہار تشکر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

Scroll to Top